ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / پنجاب میں وزیر اعلیٰ چنّی کے ذریعہ تحفوں کی بارش جاری، آنگن واڈی ورکرس کو 2500 روپے ماہانہ دینے کا اعلان

پنجاب میں وزیر اعلیٰ چنّی کے ذریعہ تحفوں کی بارش جاری، آنگن واڈی ورکرس کو 2500 روپے ماہانہ دینے کا اعلان

Sat, 01 Jan 2022 12:01:36    S.O. News Service

 چندی گڑھ یکم جنوری (ایس او نیوز؍ایجنسی) پنجاب میں آئندہ اسمبلی انتخاب کو دیکھتے ہوئے سبھی پارٹیوں کی سرگرمیاں زور و شور سے جاری ہیں۔ اس درمیان وزیر اعلیٰ چرنجیت سنگھ چنّی عوام پر تحفوں کی لگاتار بارش کر رہے ہیں اور اسمبلی انتخاب کے لیے تاریخوں کے اعلان سے قبل زیادہ سے زیادہ وعدے پورے کرنے کو لے کر پرعزم نظر آ رہے ہیں۔ تازہ تحفہ وزیر اعلیٰ چنّی نے آنگن واڈی  ورکرس کو دیا ہے جنھیں 2500 روپے ماہانہ دینے کے ساتھ ساتھ صحت بیمہ کرانے کا بھی اعلان کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ آنگن واڈی ورکروں کے لیے حکومت کے ذریعہ 5 لاکھ کا صحت بیمہ کرایا جائے گا۔

قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل چنّی حکومت نے کسانوں کو بھی قرض معافی کا تحفہ دیا تھا۔ دراصل چنّی حکومت نے کسانوں کے دو لاکھ تک کے قرضے معاف کرنے کا اعلان کیا تھا۔ حکومت کے اس فیصلہ سے تقریباً دو لاکھ کنبوں کو راحت ملی ہے۔ واضح رہے کہ کسانوں کا قرض معاف کرنے کے لیے حکومت کے ذریعہ 1200 کروڑ روپے کی رقم جاری کی جائے گی۔ اس سے پانچ ایکڑ تک کے زمین مالکان کو دو لاکھ تک قرض پوری طرح معاف ہو جائیں گے۔

گزشتہ دنوں چنّی حکومت نے سرکاری بسوں کے بیڑے میں بھی 58 نئی بسوں کا اضافہ کر کے عوام کو سہولت دی تھی۔ گزشتہ بدھ کو چنڈی گڑھ میں وزیر اعلیٰ چرنجیت سنگھ چنّی نے پرچم دکھا کر ان بسوں کو روانہ کیا۔ ان میں سے 30 بسیں پنجاب روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کو دی گئی ہیں۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پنجاب ترقی کی طرف بڑھ رہا ہے۔ ایک نئی سوچ والے پنجاب کی تعمیر ہو رہی ہے۔ سرکار ٹرانسپورٹ مافیا کو ختم کر سرکاری بسیں چلا رہی ہے۔ نئی بسیں چلانے سے بی پی ایل اور پڑھنے والے نوجوانوں کو اس کا فائدہ ہوگا، وہ مفت سفر کر سکیں گے۔


Share: